مریم نواز کی آرٹیفیشل انٹیلیجنس سے بنی تصاویر پر لائک، کمنٹ کرنے والے بھی گرفتار ہونگے

وزیر اعلی پنجاب کی آرٹیفیشل انٹیلیجنس سے بنائی گئی جعلی تصاویر شیئر کرنے پر مزید 10 افراد کیخلاف مقدمات درج، 2 خواتین بھی گرفتار، ایف آئی اے ملزمان کو 5 سے 7 سال کی سزا دلوانے کیلئے کوشاں

مریم نواز کی آرٹیفیشل انٹیلیجنس سے بنائی جانے والی تصاویر پر لائک اور کمنٹس کرنے والے سوشل میڈیا صارفین کو بھی گرفتار کرنے کا فیصلہ، ایف آئی اے کے مطابق اسٹیٹ اور معزز شخصیات کیخلاف پروپیگنڈا کرنے والوں کیخلاف کریک ڈاؤن جاری ہے۔ اردو پوائنٹ کے مطابق ایڈیشنل ڈائریکٹر ایف آئی اے سائبر کرائم اور ڈپٹی ڈائریکٹرز کی جانب سے بتایا گیا ہے کہ اس معاملے پر اب تک 18 افراد کیخلاف مقدمات درج ہوچکے ہیں۔ تصاویر بنانے، شیئر اور کمنٹس کرنے والے ایف آئی اے کے ملزم ہیں۔ تصاویر بنانے والے، شیئر، لائیک اور کمنٹ کرنیوالوں کو بھی پکڑا جائے گا،

اس معاملے میں ملزمان کی 4 کیٹگریز بنائی گئی ہیں۔ ان ملزمان کو 5 سے 7 سال تک سزا ہوگی۔ سائبر کرائم قوانین کو مزید سخت بنارہے ہیں،ان کا کہنا تھاکہ باہر بیٹھ کر شر پسندی کرنے والوں کو پاکستان لائیں گے، شہباز گل اور عادل راجہ جیسے ملزمان کو پاکستان لانے کیلئے اقدامات کر رہے ہیں۔

 

ایڈیشنل ڈائریکٹر سائبر کرائم نے بتایاکہ لاہورمیں 6 ، فیصل آباد میں 5 ، گوجرانوالہ 1،ملتان میں 2، پشاور میں 3 اور ایبٹ آباد میں ایک مقدمہ درج ہوا ہے، ملزمان جسمانی ریمانڈ پر ہیں اور 8 جوڈیشل ہوگئے ہیں۔

 

تحریک انصاف کی جانب سے کہا گیا ہے کہ صدف جبیں اور روبا حیدر دونوں گھویلو خواتین ہیں جن کو رات کے پچھلے پہر لاہور پولیس نے گرفتار کیا۔ گرفتاری کے بعد 5 گھنٹے تھانہ نواب ٹاون میں بند رکھنے کے بعد دونوں خواتین کو ایف آئی اے کے حوالے کر دیا۔ اس حکومت کا گزشتہ دو سال سے عورتوں سے ناروا سلوک جاری ہے دیگر کارکنان اور پارٹی سپورٹرز کے ساتھ آئے دن خواتین حتی کہ بچوں کو بھی سیاسی انتقام کا نشانہ بنایا جاتا ہے۔

Copyright © 2025 JAAG DIGITAL. All Rights Reserved