مقبول ترین
الیکشن میں عوام کے درمیان جائیں گے تو لوگ جھولیاں اٹھا کر دعائیں اور ووٹ دیں گے، عطاء تارڑ

وفاقی وزیر اطلاعات و نشریات عطاء تارڑ کا کہنا ہے کہ الیکشن میں جو وعدے کیے، وہ پورے کر رہے ہیں، 5 سال بعد عوام کے درمیان جائیں گے تو لوگ جھولیاں اٹھا کر دعائیں اور ووٹ دیں گے ۔
وزیر اطلاعات عطاء تارڑ کا کہنا تھا کہ ملک پر پنکی ،گوگی اور کپتان کی نحوست کا سایہ تھاجو چھٹ گیا ہے، یہ پورا ٹولہ رنگے ہاتھوں پکڑا گیا ہے ، ان کے پاس 190 ملین پاؤنڈ کا کوئی جواب نہیں،تحریک انصاف والے آج اپنے کیے کی سزا بھگت رہے ہیں۔تحریک انصاف کے دور میں ترقی کا ایک منصوبہ نہیں لگا، ان کے دور میں صرف لوٹ مار کی گئی۔
انہوں نے کہاکہ یہ توشہ خانے کی گھڑیاں چوری کر رہے تھے، شہبازشریف نےآکے توشہ خانہ کےقواعد و ضوابط بنائے،ایک وزیراعظم تھا جو توشہ خانہ کی چیزیں بیچتا تھا، ایک وزیراعظم شہبازشریف ہے جو دوستوں کے تحائف بھی توشہ خانہ میں جمع کراتا ہے۔
وفاقی وزیر کا کہنا تھا کہ عوام عمران خان سے حساب لیں، آج جو تعمیر اور ترقی ہم کر رہے ہیں، وہ پی ٹی آئی دور میں کیوں نہیں ہوئی؟ پی ٹی آئی کو عوامی مسائل سے کوئی سروکار نہیں تھا، یہ لوگ اپنے دور میں کیش اکٹھے کر رہے تھے، ڈیلیں کر رہے تھے۔ہم کہتے تھے کہ ان کے ہاتھ کرپشن سے رنگے ہیں، ہماری بات سچ ثابت ہوئی۔
انہوں نے کہا کہ مسلم لیگ ن تعمیر و ترقی کی سیاست کرتی ہے، عالمی ممالک پاکستان کی معیشت کی تعریف کر رہے ہیں،سٹاک مارکیٹ کے ریکارڈ ٹوٹ رہے ہیں، یہ تبھی ہوتا ہے جب تاجر خوشحال ہوتے ہیں،پاکستان کی معیشت کا دنیا کی بہترین معیشتوں میں شمار ہوگا، اڑان پاکستان منصوبہ پاکستان کی ترقی و خوشحالی کا منصوبہ ہے ، وزیراعظم شہباز شریف شفافیت کے نئے ریکارڈ قائم کر رہے۔