مقبول ترین
عمران خان کی مقبولیت ایسی بن چکی ہے کہ کسی کو سمجھ نہیں آ رہی کیسے مقابلہ کیا جائے، آفتاب شیر پاؤ

آفتاب شیرپاؤ نے کہا ہے کہ عمران خان کے خلاف عدم اعتماد لانا ایک بڑی سیاسی غلطی تھی کیونکہ اسکے بعد عمران خان کی مقبولیت بڑھتی گئی اور اب ایسی صورتحال بنی ہوئی ہے کہ کسی سمجھ آ رہی ہے اس کا کس طریقے سے مقابلہ کیا جائے۔
سربراہ قومی وطن پارٹی آفتاب شیر پاؤ نے ڈان نیوز کے پروگرام میں بات کرتےہوئے کہا کہ ہمیں توقع تھی الیکشن کے بعد سیاسی استحکام آئے گا لیکن مزید حالات بگڑ گئے ہیں، اب جو صورتحال ہے یہ تو ہماری معیشت کے لئے بھی اچھا نہیں ہے، خیبرپختونخوا میں صورتحال دیکھیں تو دہشتگردی بڑھتی جا رہی ہے۔
انہوں نے کہا کہ پچھلے الیکشن کی طرح یہ الیکشن بھی متنازعہ ہیں، یہ بھی سوچنے کی بات ہے کہ کیا یہ سوچ سمجھ کے کیا گیا ہے کہ پی ٹی آئی کو ایک صوبے میں حکومت دی جائےتاکہ تاثر ملے کہ الیکشن شفاف ہوئے ہیں،اینکر کے سوال پر آفتاب شیرپاؤ نے کہا کہ تاثر تو یہی ملتا ہے کہ پی ٹی آئی کو الیکشن میں مینڈیٹ ملا تھا ، دوتین چیزیں جو سامنے آئی ہیں اس سے حالات زیادہ مشکوک ہو گئے۔
عدم اعتماد کے حوالے سے انہوں نے کہا کہ ہم سب کو اعتماد میں نہیں لیا گیاتھا،ہمارے کچھ تحفظات تھے، اس وقت عمران خان کی مقبولیت گر رہی تھی، وہ اپنا دور مکمل کر لیتے تو انکی مقبولیت مزید کم ہو جاتی۔ عدم اعتماد ایک آئینی پراسیس ہے لیکن عمران خان کے خلاف عدم اعتماد لانا ایک بڑی سیاسی غلطی تھی کیونکہ اس کے بعد عمران خان کی مقبولیت دن بدن بڑھتی گئی اور ایسی صورتحال بنی ہوئی ہے کہ نہ حکومت کو سمجھ آ رہی ہے نہ کسی اور سمجھ آ رہی ہے کہ اس کا کس طریقے سے مقابلہ کیا جائے۔