پی ٹی وی میں 23 فیصد ملازمتیں ختم کرنے کا فیصلہ

اخراجات میں کمی کے لئے پاکستان ٹیلی ویژن کارپوریشن کی 1,232 اسامیاں ختم کر دی گئی ہیں۔

وفاقی وزیر برائے خزانہ و محصولات سینیٹر محمد اورنگزیب کی سربراہی میں کابینہ کمیٹی برائے ریاستی ملکیتی اداروں کا اجلاس منعقد کیا گیا۔ اجلاس میں وزیر برائے بحری امور قاصر احمد شیخ، وزیر برائے ہاؤسنگ اینڈ ورکس میاں ریاض حسین پیرزادہ، وزیر برائے اقتصادی امور احمد خان چیمہ، وفاقی سیکرٹریز اور متعلقہ وزارتوں اور ڈویژنز کے سینئر افسران نے شرکت کی۔


کمیٹی نے وزارت اطلاعات و نشریات کی جانب سے پاکستان براڈکاسٹنگ کارپوریشن اور پاکستان ٹیلی ویژن کارپوریشن کے لیے پیش کیے گئے الگ الگ کاروباری منصوبوں کا جائزہ لیا، پی بی سی کے لیے پیش کیے گئے کاروباری منصوبے میں آمدنی کے حصول کے لیے مختلف اقدامات پر زور دیا گیا تھا، جیسے بہتر پروگرام مواد، سگنل کی بہتر کوالٹی، ساتھ ہی ریڈیو پاکستان کی مناسب جگہوں پر اے ٹی ایم بوتھ اور اشتہاری بل بورڈز کی تنصیب۔ کمیٹی کو بتایا گیا کہ پی بی سی اس تجویز کردہ کاروباری منصوبے کے نفاذ کے بعد دو سال میں بریک ایون حاصل کر لے گا۔


پی ٹی وی کے لیے وزارت اطلاعات و نشریات نے ایک کاروباری منصوبہ پیش کیا جس میں ڈیجیٹل توسیع، مواد کی لائسنسنگ، منافع بخش مارکیٹنگ شراکت داری، پبلک پرائیویٹ پارٹنرشپ، پی ٹی وی کی جائیدادوں کا استعمال، آپریشنل کارکردگی اور مجموعی آمدنی کو زیادہ سے زیادہ کرنے کے لیے اقدامات شامل ہیں۔ کمیٹی کو بتایا گیا کہ پی ٹی وی کی 5,442 منظور شدہ اسامیوں میں سے 1,232 اسامیاں ختم کر دی گئی ہیں تاکہ اخراجات میں کمی کی جا سکے۔


کمیٹی نے وزارت اطلاعات و نشریات کو مشورہ دیا کہ وہ پی بی سی اور پی ٹی وی کے انتظامی بورڈز کے ذریعے اپنے غیر استعمال شدہ جگہوں، اثاثوں اور کھلی اراضی کا استعمال کرنے کے لیے فعال طور پر کام کرے، ترجیحاً انہیں نجی شعبے کو فروخت کیا جائے۔

Copyright © 2025 JAAG DIGITAL. All Rights Reserved