مقبول ترین
عمران خان اور کرپشن میں کوئی تعلق ممکن ہی نہیں، جاوید ہاشمی

جاوید ہاشمی کا کہنا ہے کہ عمران خان سے میرے اختلافات اپنی جگہ لیکن ان میں کرپشن ڈھونڈنا اتنا بڑا کام ہوگا جیسے کوئی نیا امریکا دریافت کر لے، عمران اور کرپشن کے درمیان کوئی تعلق ممکن ہی نہیں۔
معروف سیاستدان جاوید ہاشمی سے سینئر صحافی حبیب اکرم نے اپنی ملاقات کا احوال بتاتے ہوئےوی لاگ میںبتایا کہ جمہوریت کے لئے جدوجہد کی باری آئی تو جاوید ہاشمی سب سے آگے رہے، پھل کھانے کا وقت ہوا تو چل نکلے، زندگی میں کاروبار کیا ہے، معاش ، گھر کے اخراجات کیا ہیں اس بارے میں دوسرے سیاستدانوں کی طرح کبھی نہیں سوچا، بلکہ یوں کہیے کہ سیاست میں بھی سیاستدانوں کی طرح نہیں سوچا۔انہوں نے نواز شریف کے لئے قید کاٹی اور یہی ان کے لئے بوجھ بن گئی، تحریک انصاف سے اختلاف ہوا تو گھر جا کے بیٹھ گئے، آج تحریک انصاف کے لئے مشکل وقت ہے تو اپنے قصبے سے ہی ان کے لئے آواز اٹھارہے ہیں۔انہوں نے ایک بار پھر نعرہ مستانہ بلند کیا اور اپنے خاندان کے تین پولٹری فارم منہدم کرا دیے۔
جاوید ہاشمی ملاقات میں بتانے لگے کہ سیاست میں یہ وقت شاید ہی کسی نے دیکھا ہو کہ اپنے گھروںکی بنیاد میں لگی اینٹیں بیچنے کی نوبت آ جائے۔ عمران خان کے ذکر پہ انہوں نے کہاکہ عمران خان سے میرے اختلافات اپنی جگہ لیکن ان میں کرپشن ڈھونڈنا اتنا بڑا کام ہوگا جیسے کوئی نیا امریکا دریافت کر لے، عمران اور کرپشن کے درمیان کوئی تعلق ممکن ہی نہیں، کوئی دوسرا الزام ہوتا تو میں مان بھی لیتا۔
انہوں نے کہا کہ شاہ محمود اور میرے درمیان ہمیشہ اختلاف رہا ہے، میں تصور نہیں کر سکتا تھا کہ وہ پورے قد سے عمران کے ساتھ کھڑے ہو جائیں گے۔ انکی سیاست کے راستے جیلوں سے نہیں گزرتے، مگر شاہ محمود نے یہ سب کچھ بدل ڈالا ہے۔
ان کا کہنا تھا کہ تحریک انصاف اب ایسی سیاسی جماعت بن چکی ہے، جس کے لوگ ایک دوسرے سے منسلک ہیں اور یوں پورے پاکستان میں ایک نیا سیاسی کلچر ابھر رہا ہے۔ اس میں ایسے ایسے لوگ شامل ہیں جو حالات کی سختیوں سے گزر کر کندن ہو چکے ہیں،اب یہ اصول پر ڈٹ بھی سکتے ہیں،لوگ سمجھ نہیں رہے یہ ایک نئی تحریک انصاف ہے،کہا جاتا تھا کہ عمران خان درمیانے طبقے کو سیاست میں تو لے آئے ہیں مگر انہیں سیاست نہیں آتی، آج انہی لوگوں نے سیاست کے وہ معیار قائم کر دیے ہیں جو کسی کے وہم و گمان میں نہیں تھے، تحریک انصاف کی یہ اصل کامیابی ہے اور مستقبل انہی لوگوں کا ہے۔