مقبول ترین

پی ٹی وی میں معروف اینکرز کی خدمات حاصل کی گئی ہیں، مقصد ریونیو میں اضافہ کرنا ہے، عطا تارڑ

وفاقی وزیر اطلاعات عطاء تارڑ نے کہا ہے پی ٹی وی میں معروف اینکرز کی خدمات حاصل کی گئی ہیں، مقصد ادارے کے ریونیو میں اضافہ کرنا ہے، پی ٹی وی میں پرائیویٹ چینلز سے 10 اینکرز لائے گئے۔

وفاقی وزیر اطلاعات عطاء تارڑ نے کہا ہے کہ پی ٹی وی میںپرائیویٹ چینلز کے معروف اینکرز کی خدمات حاصل کی گئی ہیں، ہمارا مقصد پی ٹی وی کے ریونیو میں اضافہ کرنا ہے،ہم چاہتے ہیں کہ پاکستان کے ہر علاقے اور گائوں تک لوگ کرکٹ چیمپئن ٹرافی دیکھیں، اس ٹرافی کے رائٹس کیلئے بڑی ادائیگی کی گئی جس کی وجہ سے سرکاری ٹی وی میں تنخواہوں کی ادائیگی میں تاخیر ہوئی، ہم نے کرکٹ کےحقوق کو محفوظ کیا ہے۔

 

قومی اسمبلی کی قائمہ کمیٹی برائے اطلاعات و نشریات کے اجلاس میں اظہار خیال کرتے ہوئے انہوں نے کہا کہ پی ٹی وی میں سفارش پر بھرتی ہونے والے افراد سے ہم نے معذرت کی،پروڈکشن ٹیم کے اخراجات زیادہ ہیں، اینکرز سے کہا ہے کہ وہ اشتہارات لائیں تو انہیں کمیشن دیا جائے گا، پی ٹی وی میں پرائیویٹ چینلز سے 10 اینکرز لائے گئے۔ انہوں نے کہا کہ سیاسی بنیادوں پر ہر دور میں بھرتیاں ہوئیں، ایسی بھرتیوں کی وجہ سے ادارے کو نقصان پہنچا، پرائیویٹ شعبے میں تین تین ماہ تنخواہوں کی ادائیگی نہیں ہوتی، پی ٹی وی میں صرف 21 دن تنخواہ کی ادائیگی میں تاخیر ہوئی تو ہر جگہ شور مچایا گیا۔

 

وزیر اطلاعات نے بتایا کہ پی ٹی وی میں ملازمین کی ڈگریوں کی تصدیق کا عمل 31 جنوری تک مکمل کر لیا جائے گا اوراگر جعلی ڈگری والے 200 ملازمین بھی نکالنے پڑے تو میں نکالوں گا، سابقہ انتظامیہ کے دو رمیں ریٹائر ہونے والے ملازمین اور افسران کو دوبارہ بھاری تنخواہوں پر بھرتی کیا جاتا تھا۔حالیہ اصلاحات کے دوران ایسے 12 افراد کو فارغ کیا جا چکا ہے، جو اس پالیسی کے تحت کام کر رہے تھے۔

 

عطا ء تارڑ نے بتایا کہ سپورٹس چینل سے ہمیں اربوں روپے کا ریونیو حاصل ہوتا ہے۔پی ٹی وی ٹیریسٹیریل نشریات پیش کرتا ہے، دور دراز علاقوں میں لوگوں کو نشریات کے لئے انٹرنیٹ یا دیگر ذرائع کی ضرورت نہیں ہوتی، وہاں لوگ عام انٹینا لگا کر پی ٹی وی کی نشریات دیکھ سکتے ہیں۔

 

قائمہ کمیٹی کے اجلاس میں پی ٹی وی اور پیمرا کے حوالے سے شفافیت اور معیاری میڈیا مواد کے فروغ کے لیے اہم فیصلے کیے گئے۔

Copyright © 2025 JAAG DIGITAL. All Rights Reserved